Skip to main content

دارالعلوم سبیل الرشاد

صدیق دیندار چن بسویشور کا حکم

صدیق دیندار چن بسویشور کا حکم

سوال

میری شادی ہوکر نوسال کا عرصہ ہوا۔ میرے شوہر محمد خلیل الرحمٰن صاحب بار بار اس بات کا اقرار کررہے ہیں کہ وہ چن بسویشور پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں،اس بات کا اقرار وہ میرے والد صاحب کے سامنے بھی کیے ہیں ۔ اس حالت میں کیا میرا نکاح باقی رہتا ہے ؟ (۲) میری ایک لڑکی جو سات سال کی ہے اس کے تعلق سے بھی حکمِ شرعی صادر فرمائیں ۔بینواتوجروا (فتویٰ نمبر ۱۴۰؍۱۴۲۲ھ)

جواب

صدیق دیندار چن بسویشور جس نے ’’دیندار انجمن کی بنیاد ڈالی اپنے آپ کو کو ہندوؤں کا اوتار ، چن بسویشور ، یوسفِ موعود ، مثیلِ موسیٰ ، مہدیٔ آخرالزماں، مسیحِ موعود وغیرہ قرار دیتا رہااور ان سب باتوں سے آگے اپنے آپ کو خدا ،مالکِ روزِ محشر،شافعِ محشر بھی گردانتا رہا ، اِن باتوں کا دعوی کرنا کفر ہے اوران چیزوں کا مدعی کافر ہے ۔ اسی طرح اس کے متبعین بھی کافر ، مرتد اور دائرۂ اسلام سے خارج ہیں۔ کسی مسلمان عورت کا نکاح اس فرقے کے کسی شخص سے جائز نہیں اور اگر کیا جائے تو بھی شرعًانکاح منعقد نہیں ہوتا(۱)۔ پس صورتِ مسئولہ میں  مستفتی   پر لازم ہے کہ وہ بلا تاخیر مذکور شخص سے علاحدگی اختیار کرلے اور اپنی لڑکی کی بھی خود ہی پرورش کرے ، اس شخص کے حوالے نہ کرے(۲)۔ فقط واللہ تعالی اعلم
العبد محمداشرف علی عفی عنہ ۲۷؍شوال۱۴۲۲ ھ

(۱)
ولا یجوز للمرتد ان یتزوج مرتدۃ ولا مسلمۃ ولا کافرۃ اصلیۃ وکذلک لا یجوز نکاح المرتدۃ مع احد کذا فی المبسوط (عالمگیری ج۱؛ص۲۸۲)

(۲)
والولد یتبع خیر الابوین دینا الخ (الدر المختار علی ھامش ردالمحتار ج۳، ص۱۹۶)