مضامین سلسبیل

سرچشمہ سلسبیل جلد ۱ شمارہ ۴

مدیر سلسبیل : مولانا صغیر احمدصاحب رشادی 

مہتمم: دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور

ہمارےملک میں مختلف مذاہب والے اورمختلف زبان بولنے والے بستے ہیں ، ہر ایک کا طرز ِ زندگی الگ، لباس الگ ، رہن سہن الگ ، سیاسی جماعتیںالگ، تنظمیں مختلف ؛اس طرح بے شمار اقوام یہاں موجود ہیں ، اس ملک کا دستور بھی ایسا گلدستہ ہے کہ جس میں مختلف پھول پتیاں ہیں، جن کی خوشبو جدا جدا اور الگ الگ ہے ، یہ ملک جمہوری ملک کہلاتا ہے ، لیکن چند سالوںسے کچھ شر پسندوں سے ایسی حرکتیں سرزد ہو رہی ہیں جن نے اس ملک کی جمہوریت کو انتہائی بد نما اور داغدار کردیا ہے ۔ اقلیتوں کے تشخص کو ختم کرنے کی بے جا کوششیں کی جارہی ہیں ، پیغمبر اسلام ﷺ پر اور تمام مومنوںکی مقدس و محترم ماں حضرت عائشہؓ پر یکے بعد دیگرے وقفہ وقفہ سے گستاخیاں کی جارہی ہیں تاکہ مسلمانوں کو اکسا کر جان و مال لوٹیں۔ ہماری عبادت گاہوں پر غلط دعوے کیے جارہے ہیں ، ان شر پسندوں کو چاہئے کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں مگر یہ لوگ حقیقت شناس بن کر سچائی قبول کرنے والے نہیں ہیں۔
تاریخ شاہد ہے کہ کسی بھی مسلمان بادشاہ نےپورے اختیارات اور دبدبہ رکھنے کے باوجودکبھی بھی اپنی رعایہ کو زبردستی اور جبری طور پر مذہب تبدیل نہیں کرایا ، کسی بھی مسلم حکمران نے مندروں کو توڑ کر مسجد نہیں بنائی ، بلکہ تاریخ موجود ہے کہ مسلم بادشاہوں نے دیگر مذاہب کا ہمیشہ احترام ملحوظ رکھا ، ٹیپو سلطان شہید کے سلسلے میں تاریخ موجود ہے کہ آپ نے مندروں کے لئے زمینیں اور جاگیریں عطا کی تھیں، مسلمانوں کی مسجدوں پر جو غلط دعوے کیے جارہے ہیں ، حکومت کو چاہئے کہ اس پر فوری روک لگائے ۔
علاوہ ازیں ملک دشمن اور شر پسند عناصر نے رسول اللہ ﷺ کی شان میں جو گستاخانہ باتیںکہی ہیں ،ان سے مسلمانوں کی سخت دل آزاری ہوئی ہے ، ایسے شر پسندوںکو معاف نہیں کیا جاسکتا ،نوپور شرما اور اس کے ساتھ جندال نے گستاخی کی تمام حدیں پار کردی ہیں، ان کا مقصد صرف ملک کے امن و امان کو بگاڑنا اور اس ملک کی قدیم مذہبی رواداری ، یکجہتی اور بھائی چارگی کو تباہ کرنا ہے ، حکومت کو چاہئے کہ ایسے ملک دشمن عناصر کےخلاف سخت کارروائی کرے ، ان قصورواروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف امن وسالمیت کو دھکا لگانے کے جرم میں قانونی سزا دی جائے ،لیکن مرکزی و ریاستی حکومت پر تعجب اور افسوس ہےکہ اب تک ان دونوں بدمعاشوں کو نہ گرفتار کیا گیا اور نہ کوئی سزا دی گئی ۔مسلمانوں کو ہمیشہ ملک کی سالمیت او ر امن وامان پیارا ہے ، اس لئے قوم صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے ۔
قارئین کرام! سہ ماہی سلسبیل کا چوتھا شمار ہ آپ کے ہاتھوں میں ہے اور سلسبیل کا ایک سال بخیر وخوبی مکمل ہوا۔ اس شمارے میں حسب روایت درسِ قرآن ، درسِ حدیث ، فتاوی سبیل الرشاد اور تاریخِ سبیل الرشاد کے علاوہ ممتاز اہل قلم کے چنندہ مضامین شامل ہیں ۔ 
قارئینِ سلسبیل نے دلچسپی اور رغبت کا اظہار فرمایا ہے اور پذیرائی سے نوازا ہے ، جزاھم اللہ خیر الجزاء ، گذارش ہے کہ اپنے قیمتی مشوروں سے نوازیں ۔جن حضرات کا زرِ تعاون ختم ہوگیا ہے وہ اگلے سال کے لئے ابھی سے زرِ تعاون بھیج کر خریداری کا سلسلہ جاری رکھیںاور اپنے دوست واحباب اور متعلقین کو بھی اس طرف متوجہ فرمائیں۔ اہل قلم حضرات سے بھی گذارش ہے کہ اپنے گراں قدر مضامین سے سلسبیل کو زینت بخشتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ تا قیام قیامت اس رسالے کو جاری رکھے ۔
 

آپ کو یہ بھی پسند آئے گا